کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) عالم اسلام کو آج صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں پرظلم بند کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم اور غاصب اسرائیل کی جانب سے شدید گولہ باری سے ہلاکتوں پر شدید غم و غصہ اور مذمت کرتے ہوئے کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے صرف فلسطینی نہیں ہم مسلمان مر رہے ہیں۔ ہسپتالوں، مسجدوں، پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ بمباری ظلم جبکہ امریکہ،بھارت، برطانیہ یورپی یونین اسرائیل کے دست راست بن چکے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی اتحاد کی فوج کہاں ہے۔مسلمان ملکوں کی تنظیم او آئی سی کا کردار نظر نہیں آرہا۔ معصوم بچوں کی چیخیں بھی مسلمانوں کی بے حسی کو ختم اور ہمیں متحد نہیں کر سکیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ فلسطین میں معصوم جانوں کا ضیاع مسلمان ملکوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مسلمان ملکوں کی تنظیم او آئی سی کو فوری طور پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کی حفاظت کے لئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جس کی اولین ذمہ داری عالمی امن کو فروغ دینا ہے لیکن افسوس کہ وہ غزہ کے شہریوں پر ہوتے ہوئے ظلم اور قتل عام کوروکنے میں ناکام ہو گئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل کی ناکامی کے بعدجنرل اسمبلی کارروائی کرے گی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں فوری طور پر متاثرین تک امداد پہنچائی جائے گی جہاں زندگی سسک رہی ہے اور بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت نہتے فلسطینی بھوکے پیاسے زندگی کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دو ریاستی حل کی دوبارہ کوشش کرنی چاہیے کیونکہ یہی مقدس سرزمین میں پائیدار امن کا واحد آپشن ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ علاقائی اور ذیلی علاقائی تنظیمیں امن و سلامتی کے فروغ اور تنازعات کے حل میں کردار ادا کر سکتی ہیں تاہم ان کا کردار سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی، سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر متعلقہ اداروں کے ماتحت ہے۔انہوں نے امدادی سامان غزہ پہنچانے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر راہداری مکمل طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خطرات اور سنگین اثرات دن بدن دھماکہ خیز ہورہے ہیں خصوصا انسانی مصائب بڑھ رہے ہیں جس کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ غزہ میں قتل عام روکنے میں ناکام رہی،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
