ڈیرہ مراد جمالی(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ بدھ کے روز نصیر آباد ڈویژن کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کا خصوصی دورہ کیا جہاں لسبیلہ یوبیورسٹی گے نئے کیمپس کے احاطے میں مرکزی لائبریری کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا. علاوہ ازیں انہوں نے زیر تعمیر دیگر عمارات کا معائنہ کیا. دورے کا مقصد ڈیرہ مراد جمالی اور آس پاس کے علاقوں کے معروضی حالات، ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور عوامی مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرنا تھا. دورے کے موقع پر وائس چانسلر لسبیلہ یوبیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، سابق اراکین صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی، بابو آمین عمرانی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی ، ڈپٹی کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسرز موجود تھے. بعدازاں گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یونیورسٹی آف لسبیلہ کیمپس کے احاطے میں تقسیم لیپ ٹاپس کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں صلاحیتوں سے معمور ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کیا جائیں. دنیا بڑی تیزی سے اپنی کروٹیں بدل رہی ہے. ایسی صورت میں اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور اپنے بچوں کے ذہنوں کو دنیا کی جدید سائنسی تعلیم سے روشن نہ کیے تو یاد رکھنا ہم بہت جلد مقابلہ کی دوڑ سے بھی نکل جائینگے. انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے ڈیرہ مراد جمالی تک بائی روڈ سفر کر کے یہاں کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کی صورتحال کو دیکھ کر یہ محسوس نہیں ہوتا کہ یہاں پر پچھلے بیس سال میں کچھ ترقیاتی کام بھی ہوئے ہیں. ڈیرہ مراد جمالی اور اس سے متصل علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور بالخصوص عورت کی مشکل زندگی کو دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ہر ذی شعور انسان کا قومی فریضہ ہے کہ وہ نہ صرف سابق عوامی نمائندوں کا احتساب کریں بلکہ آنے والے الیکشن میں بھی سوچ سمجھ کر بلا تعصب و نفرت صرف عوام دوست افراد کو اپنا قیمتی ووٹ دیں. دورافتادہ علاقوں کے دورے کرنے اور عوام سے برائے راست مذاکرات میں عوامی مشکلات اُجاگر اور انھیں متعلقہ حکام تک پہنچانے میں اور حل کرنے میں مدد ملے گی. انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری پر ہی یقین رکھتے ہیں. صوبے کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے آپ کے تمام فوری نوعیت کے درپیش مسائل دونوں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سامنے رکھوں گا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے طلباء اور طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے.
ہم عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری پر ہی یقین رکھتے ہیں، گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
