کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد نظریاتی جماعت ہے جس میں خواتین کو عزت و احترام کا مقام حاصل ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی تمام پارٹیوں میں سب سے پہلے خاتون اول محترمہ نصرت بھٹو کی سربراہی میں خواتین ونگ تشکیل دیا اور پورے ملک میں خواتین کو سیاسی طور پر متحرک کرکے خواتین کے سیاسی شعور کو اجاگر کیا گیا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کوثمینہ ملک سے ملا قات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی سنیئر نائب صدر سردار محمد عمر گورگیج، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی بھی موجود تھے۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کی سیاسی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے منشور میں خواتین کو خصوصی حیثیت و اہمیت دی گئی ہے، اسلامی دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جس کی سربراہی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کی۔ محترمہ بینظیر بھٹو چاہتی تھیں کہ خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقع اور نمائندگی ملے انکے دور حکومت میں خواتین کی مخصوص نشستوں کو بحال کیا ویمن بنک،ویمن تھانے اور عدالتی سطح پر خواتین جج تعینات کئے۔ ویمن بینک کے تمام عہدوں پر خواتین کو تعینات کیا گیا اور خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے صدر زرداری کی قیادت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے اصلاحی پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ادھورا مشن آج بھی جاری ہے خواتین سمیت تمام مظلوم و محروم طبقات کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ اس مشن میں خواتین بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر مس ثمینہ ملک کی قیادت میں رخسار فرقان، فرزانہ،حدیبہ ناز،صومیہ وسیم، صوبیہ،نسرین بانو،عمائیہ،سمیتہ ندیم اور دیگر نے بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیاجس کا صوبائی جنرل سیکرٹری روز ی خان کاکڑ اور دیگر عہدیداروں نے خیر مقدم اور مبارکباد دی۔
پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد نظریاتی جماعت ہے جس میں خواتین کو عزت و احترام کا مقام حاصل ہے، روزی خان کاکڑ

ٹیگز:
روزی خان کاکڑ
