نگران حکومت کے لئے ریکوڈک میں حکومت کے حصص فروخت کرنا قانون کے مطابق نہیں،رضا ربانی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) سے عام انتخابات کی فوری تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دنوں میں انتخابات نہ کروا کر پہلے ہی آئین کی خلاف ورزی کر چکا ہے، ای سی پی سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس حلقہ بندیوں کا عذر باقی نہیں رہا اس لیے انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں تاخیر سیاسی عدم استحکام اور معاشی بے یقینی کو جنم دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے لئے ریکوڈک میں حکومت کے حصص فروخت کرنا قانون کے مطابق نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو یہ معاملہ نوٹ کرنا چاہیے، یہ طویل مدتی معاشی فیصلے ہیں جو الیکشن ایکٹ کے تحت فراہم کردہ مینڈیٹ سے باہر ہیں۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن پر پارلیمانی نگرانی کے لئے فوری طور پر سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔