نواز شریف کا معاملہ، سرفراز بگٹی اور رانا ثناء اللہ کے درمیان لفظی جنگ

اسلام آباد: (ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ سرفراز بگٹی پہلے فرنٹ فٹ پر کھیلے، پھر بیک فٹ پر چلے گئے۔ کہتے ہیں ان کے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر سمجھا گیا۔تفصیل کے مطابق نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پہلے تو آگے بڑھ کر بیان داغ دیا کہ ان کی گرفتاری کے لئے تیار ہیں، ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے بڑی فورس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

بیان کا آنا تھا کہ مسلم لیگ ن کےسینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی اپنی توپوں کا رخ سرفراز بگٹی کی طرف کر تے ہوئے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو”حد سے تجاوز” قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی صاحب کو وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں چاہیے۔ سرفراز بگٹی، نواز شریف کے بارے بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ رانا ثناء اللہ نے یہ مشورہ بھی دے ڈالا کہ نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پر توجہ دیں۔ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے۔ یہ وزیرِ داخلہ کا نہیں عوام کافیصلہ ہو گا۔

یاد رہے گذشتہ روز نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا نجی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نوازشریف کی گرفتاری کے لیے تیار ہیں، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کے لیے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی، نواز شریف کو عدالت سے ضمانت نہیں ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایئرپورٹ حساس جگہ ہے وہاں مجمع کو اجازت نہیں دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے