الیکشن کمیشن لاہور ہائیکورٹ کے انتخابات کرانےکے حکم پر عمل کرے،چیف جسٹس

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ الیکشن کمیشن لاہور ہائی کورٹ کے انتخابات کرانےکے حکم پر عمل کرے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اپیلوں پر سماعت کی۔منحرف ارکان اسمبلی کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پرمنحرف اراکین کی اپیلیں غیرمؤثرہو گئیں۔

عدالت عظمیٰ نے اپیلیں غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر پی ٹی آئی کےمنحرف اراکین کی اپیلیں خارج کردیں۔دوران سماعت عدالت میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا بھی ذکر ہوا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کو شاید ہائی کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے حکم دیا؟ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد اب الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے؟

ڈی جی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نےکل گورنر پنجاب سے مشاورت کی ہے، گورنرسے ملاقات کےمنٹس بھی ہائی کورٹ میں جمع کرادیے ہیں۔اس معاملے پر گورنر پنجاب شاید قانونی راستہ اپنائیں گے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کے لئے گورنر سے کیوں مشاورت کررہا ہے۔ جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ شاید ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو گورنر سے مشاورت کا حکم دیا۔

جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اگر ہائی کورٹ کا حکم ہے تو پھر الیکشن کمیشن مشاورت کرے۔چیف جسٹس نے دوربارہ استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات پر کیا کررہا ہے؟ قانونی راستہ گورنر کو لینا ہے یا الیکشن کمیشن کو؟ جواب میں ڈی جی لاءالیکشن کمیشن نے کہا کہ قانونی راستہ گورنر کو ہی لینا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئے کہ الیکشن کمیشن لاہور ہائی کورٹ کے انتخابات کرانےکے حکم پر عمل کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے