نصیر آباد (ڈیلی گرین گوادر) کمشنر نصیرآباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے مردم و خانہ شماری کے حوالے سے نصیرآباد ڈویژن میں پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر علی محمد ہانبھی AD بیورواسٹیٹکس ماسٹرٹرینرعلی حسن رند، ڈویڑنل کوآرڈینیٹر نظام الدین جلبانی سمیت دیگر موجود تھے. افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیرآباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے کہاکہ مردم و خانہ شماری کسی بھی ملک اور صوبے کی تعمیر وترقی میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے اورکسی بھی ملک کی ترقی کی منصوبہ بندی مردم و خانہ شماری سے ہی کی جاسکتی ہے. اگر ملک کی مردم و خانہ شماری درست کی جائے تو ترقی کی منصوبہ بندی بھی احسن طریقے سے ہو سکتی ہے بصورت دیگر ترقی کی منصوبہ بندی میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے. حکومت وقت کی انتہائی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر دس سال بعد ملک کی مردم و خانہ شماری کرے تاکہ حکومت اپنے شہریوں کو پانی تعلیم،ٹرانسپورٹ، صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی طور پر بنا سکے. مردم شماری سے اس بات کا بھی پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں ملک کی آبادی کیا ہوگی اور آبادی کس تناسب سے بڑھ رہی ہے مردم شماری کی ہی وجہ سے ملک کی عوام کو منصفانہ طور پرحقوق کی فراہمی کوبھی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔کمشنر نصیر آباد نیدیگر کئی اہم پہلووں پر روشنی ڈالی. اس سے قبل اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو اسٹیٹکس علی حسن رند نے 5 روزہ ٹریننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ھوئے بتایا کہ تربیتی ورکشاپ میں نصیرآباد ڈویڑن سے 17 اساتذہ کو مردم شماری کے حوالے سے مکمل ٹریننگ کروائی جا رہی ہے اور اساتذہ ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد اپنے اپنے اضلاع،تحصیلوں میں دیگر اساتذہ کو مردم شماری کے حوالے سے ٹریننگ دیں گے تاکہ یکم فروری 2023 سے شروع ہونے والی مردم شماری کے عمل کو بہترانداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ کمشنر نصیرآباد ڈویژن بشیراحمد بنگلزئی نے کہاکہ ٹریننگ حاصل کرنے والے اساتذہ پر لازم ہے کہ وہ لوگوں میں شعور بیدارکریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے نام اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ اپنی حقیقی آبادی کو درج کروانے کیلئے اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں. ملک کی اصل مردم شماری کے نتائج سے ہی علاقے کی تعمیر وترقی ممکن ہو سکتی ہے۔
مردم و خانہ شماری کسی بھی ملک اور صوبے کی تعمیر وترقی میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے، بشیر احمد بنگلزئی

ٹیگز:
بشیر احمد بنگلزئی
