آرمی چیف کا پی ایم اے کاکول اور بلوچ ریجمنٹ سینٹرکا الوداعی دورہ
راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) راولپنڈی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول اور بلوچ رجمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا الوداعی دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے کاکول پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی ایم اے میں جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فوجی ٹریننگ کے حوالے سے پی ایم اے کے اعلٰی معیار اور مستقبل کیلئے تیار کی جانے والی لیڈر شپ کی تیاری کیلئے ملٹری اکیڈمی کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھاکہ کیڈٹس پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔اس موقع پر انہوں نے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران سمیت جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملک و قوم کی خاطر دی جانے والی بے مثال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔