یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشن فاؤنڈیشن پاکستان کے ایک وفد کاجامعہ بلوچستان کا دورہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشن فاؤنڈیشن پاکستان کے پروگرام افیسرشہارام نیازی کی قیادت میں کے ایک وفد نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔انہوں نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جامعہ کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین، اسٹوڈنٹ افیئرز کے ڈائریکٹر بشیر تاج اور دیگر بھی موجود تھے۔وفد کو جامعہ بلوچستان کے تعلیمی، تحقیقی و تربیتی سرگرمیوں، مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مشترکہ تعلیمی سرگرمیوں، دو طرفہ تعلقات، ماہرین کے تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ اداروں کے درمیان بہتر تعلقات اور مشترکہ طور پر تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ ضروری امر ہے۔ جسکا مقصد مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے سمیت ایک دوسرے کے تعاون و اشتراک عمل کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کو چڑھانا مقصود ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے میں تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے سمیت طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ وفد نے جامعہ کے تعلیمی سرگرمیوں کو سرہاتے ہوئے مستقبل میں مختلف تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کو مشترکہ طور پر پروان چڑھانے اور تعاون و اشتراک عمل کو جاری رکھنے کا یقین دلایا۔