کو ئٹہ(این این آئی) سی آئی اے پو لیس نے چار بچوں کے اغوا اور دو کروڑ دس لاکھ تاوان وصول کرنے والے گروہ کے سات اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہو گیا۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے بتایا کہ سی آئی اے پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے تین اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا جنہوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ان کا آٹھ افراد پر مشتمل گروہ ہے جو بچوں کو اغوا کر کے لواحقین سے بھاری رقم طلب کرتے ہیں،ملزمان نے2020 کے جنوری میں صدر تھانے کے علاقے کاکڑ کالونی سے ایک بچے کو دو کروڑ روپے تاوان کے لئے اغوا کیا تھا جبکہ لواحقین نے 80 لاکھ روپے ادا کئے جبکہ دسمبر2020ہی میں بشیر چوک ناشناس کالونی سے بھی ایک بچے کو اغوا کیا اور لواحقین سے تاوان کی مد میں ایک کروڑ دس لاکھ وصول کئے ملزمان نے 2022جنوری میں سیٹلائٹ ٹاون کے علاقے لوڑ کاریز سے بھی ایک بچے کو اغوا کیا اور لواحقین سے رہائی کے لئے 24لاکھ روپے وصول کئے جبکہ 2022 ہی میں رمضان المبارک سے تین روز قبل سبزل روڈ سے بھی ایک بچے کو اغوا کیا تھا سی آئی اے پولیس نے ملزمان کی نشاندھی پر گروہ کے مزید چار کارندوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے بتایا کہ گر فتار ہو نے والے ملزمان میں گل حسن، محمد عثمان، ثناء اللہ، عبدالروف، ظہور احمد اور عبدالمنان گروہ میں شامل ہیں،انہوں نے کہاکہ اغواء برائے تاوان کے گروہ میں دو سرکاری ملازم بھی ہے، اغواکاروں کا گروہ دو سالوں سے وارداتوں میں ملوث تھا گرفتار اغواکاروں سے اسلحہ،نقدی برآمد کرلی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ اغوا کار لواحقین سے رابطہ کرنے کے لئے سیٹلائیٹ فون کا استعمال کرتے تھے،انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز کلی پائند خان میں ہو نے والے دھماکے کے واقعے پر تحقیقاتی ادارے کام کررہے ہیں ابتدائی تحقیق میں معلوم ہوا کہ دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا ہے اور بارودی مواد کس لئے استعمال ہونا تھا تحقیقات جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں موٹرسائیکلوں اور گاڑی چوری میں بھی چار گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے،کافی عرصے بعد رمضان اور عید الفطر میں کوئی بد امنی کا واقعہ نہیں ہوا، شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جارہا ہے۔
کوئٹہ،سی آئی اے پو لیس نے چار بچوں کے اغوا کرنے والے گروہ کے 7اغوا کاروں کو گرفتارکرلیا

ٹیگز:
سی آئی اے پو لیس
