کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبرسینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدربی این پی کوئٹہ غلام نبی مری نے اپنے ایک بیان میں حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ شعبہ یورولوجی (ماہر امراض گردہ و مثانہ) کو شہر کے قلب سول ہسپتال سے سمنگلی روڈ پر منتقلی کو فوراً روکھا جائے یہ شعبہ عرصہ دراز سے سول ہسپتال میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے جس سے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے عوامی مفادات کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے مثانہ و گردہ وارڈ کو سمنگلی روڈ پر منتقل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جو بلوچستان کے غریب اور نادار عوام کے ساتھ کھلم کھلا دشمنی اورظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ دیگر صوبوں میں محکمہ صحت کی اعلی کارکردگی سے نئے شعبہ جات کھولے جارہے ہیں اور ہماری ناقص کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ شہر کے مرکز میں قائم سول ہسپتال سے نہایت اہم وارڈ کو بند کر کے شہر سے دور سمنگلی روڈ پر منتقل کیا جا رہا ہے اس غیر منطقی فیصلہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو جو تکلیف اور دشواریوں کا سامنا کرنا ہوگا اس کا کسی کو احساس نہیں۔ محکمہ صحت نے عجلت میں جو ناروا فیصلہ کیا ہے وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عوام دشمن پالیسی کی ہم مذمت کرتے ہیں اور سیکریٹری ہیلتھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ یورولوجی کو سمنگلی روڈ منتقلی کے نوٹیفیکیشن کو فوری طور پر منسوخ کرے اور اس شعبہ کو سول ہسپتال کے اندر جوں کا توں فعال رکھا جائے۔
شعبہ یورولوجی کوشہرکے قلب سول ہسپتال سے سمنگلی روڈ پر منتقلی کو فوراً روکھا جائے، غلام نبی مری

ٹیگز:
غلام نبی مری
