خضدار کی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،آغا شکیل احمد خضداری

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء و خضدار کے ضلعی صدر آغا شکیل احمد خضداری، میر محمد آصف جمالدینی، ضلعی جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی، سردار بلند خان غلامانی و دیگر سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدوس بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن چیئرمین لعل جان، ضلعی صدر میر شفیق الرحمان ساسولی کی سربراہی میں ضلعی عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد نے درانی ہاوس میں ملاقات کی۔اس موقع پر متوقع بلدیاتی انتخابات، سیاسی و علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا اور علاقے کے وسیع تر مفاد میں اجتماعی مسائل کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی اورعلاقے کی ترقی و خوشحالی کی خاطر مل بیٹھ کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔آغا شکیل احمد خضداری نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خضدار کی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اگر ہم سب مثبت طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ مسائل حل نہ ہوں۔انہوں نے بی این پی کے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی روابط کو فروغ دینے کے عمل سے مستقبل قریب میں مثبت سیاسی اثرات سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی حماعتیں اگر علاقے کے اجتماعی مفاد کو دیگر تمام چیزوں پر ترجیح دیکر ا خضدار کی تعمیر و ترقی کے لیئے مل کر کام کرینگے تو یقینا خضدار امن و خوشحالی کا گہوارہ بن جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے