پشین(ڈیلی گرین گوادر)یوم پاکستان 23مارچ کی مناسبت سے ضلعی ہیڈکوارٹر پشین میں پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر ریسٹ ہاوس کے احاطہ میں منعقد ہوئی۔اراکین صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین اور سید عزیزاللہ آغا نے ڈپٹی کمشنر ظفرعلی محمدشہی، سابق صوبائی وزیر اسفندیار خان کاکڑ اور ایس ایس پی پشین عبدالحلیم اچکزئی کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پشین اعجاز سرور، اے سی برشور حفیظ اللہ سوری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالواسیع کاکڑ، ڈی ایچ او ڈاکٹر ارباب کامران کاسی، ڈائریکٹرز زراعت فضل الرحمان، سید فیض اللہ شاہ، محمدسلیم یوسفزئی، مختلف محکموں کے آفیسران سمیت مختلف سکولوں کے طلبہ، بوائز سکاؤٹس، پولیس، انتظامیہ اور دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان ترین نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ہمارے لئے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نعمت ہے۔ آج کا دن ہمارے لئے ایک عظیم دن ہے جس دن قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔ اسی قرار داد کی وجہ سے آج پاکستان کا مسلم امہ میں ایک اہم مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید عزیزاللہ آغا نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جو ش خروش سے مناتی ہیں۔ 23مارچ کا دن ہمارے لیے سب سے اہم دن ہے جس دن مسلمانان برصغیر نے اپنے مستقبل کی راہ متعین کی تھی اس دن کو منانے اور اس تقریب کو شایان شان طریقے سے منانے کے انتظامات پر ضلعی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے، ڈپٹی کمشنر ظفرعلی محمدشہی نے کہا ہے کہا ہے کہ اگر ہم نے دنیا سے اپنا وجود منوانا ہے تو تعلیم کے میدان میں ترقی کرنا ہو گا، جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا اور اپنے کردارکو بلند بنانا ہوگا اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق پیدا کریں ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور پاکستان کی ترقی کیلئے ہر فرد کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے،سابق صوبائی وزیر اسفندیار خان کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روئے زمین پر پاکستان کو وجود مسلمانوں کی شناخت ہے۔پاکستان کی سالمیت اور مضبوطی آج دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اساس پر قائم رہے تو دنیا پر حکمرانی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ23مارچ 1940کو جو ایک آزاد مملکت کو خواب دکھایا گیا تھا اس کا آغاز کو محمد بن قاسم کے آنے سے ہی شروع ہوچکا تھا لیکن اس کی تکمیل 14اگست 1947کو ہوئی انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے اور ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کو قیامت تک قائم و دائم رکھنے اور اس کی ترقی کیلئے ہم نے اپنااپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں مختلف آفیسر ان سمیت اساتذہ، طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پولیس اور لیویز شہداء سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے آفراد میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈ تقسیم کئے گئے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، شہداء کے درجات کے بلندی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
پاکستان پوری امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نعمت ہے، اراکین اسمبلی

ٹیگز:
اراکین اسمبلی
