27 فروری کا لانگ مارچ حکومت کے خاتمے کی بنیاد اورتابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ /کراچی (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 27فروری کا لانگ مارچ حکومت کے خاتمے کی بنیاد اور تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، پی ٹی آئی کے اتحادی بھی اس سے تنگ آچکے ہیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں قوم جلد ہی عوام دشمن حکومت کے خاتمے کی نوید سنے گی، یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے کراچی میں جھالاوان ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی، پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے جھالاوان ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی اور ندیم خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور، بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی،ملاقات میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور بلوچستان کے کارکنان کی شرکت و انتظامات پارٹی کو بلوچستان بھر میں فعال و منظم کرنے کے حوالے سے بات چیت بھی کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سال میں عوام پر مظالم کی حد کردی ہے ہر شخص مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لیا گیا لیکن یہ قرض عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام اب حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کے خاتمے کی خبر جلد ہی عوام کو دیگی انہوں نے کہا کہ حکومت پر سے اسکے اتحادیوں کا اعتماد بھی اٹھ چکا ہے پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ فیصلہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن معرکے کی بنیاد ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کو صوبے بھر میں فعال کر نے کے لئے بھر پور کردار ادا کیا جائیگا جلد ہی پارٹی کو صوبے میں مضبوط کرکے پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے