ن لیگ کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے، عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی ترقی کی گروتھ 5.37 فیصد تک جانے کا بتایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی ترقی کا 5.37 فیصد تک جانا بڑی کامیابی ہے۔اجلاس میں اکانومسٹ اور بلوم برگ کی تازہ رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص مافیا عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش میں ہے، یہ سب مل کر عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ججز کو دباؤ میں لا کر من پسند فیصلے لینے کی کوشش ماضی میں بھی ہوئی، مسلم لیگ (ن) کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔