کراچی : نجی اسکول کی طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق

کراچی :کراچی کے نجی اسکول میں زیرِ تعلیم 14 سالہ 9ویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہوگئی جس کے اہلِ خانہ نے اسکول انتظامیہ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں پیش آیا جہاں نجی اسکول میں پڑھنے والی 14 سالہ بچی اریبہ آصف سیڑھیوں سے گر کر جان کی بازی ہار گئی۔ بچی کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ بچی اسکول انتظامیہ کی کوتاہی اور غفلت کے باعث سیڑھیوں سے گری۔

بچی کے اہلِ خانہ نے اریبہ آصف کے سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہونے پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے نہ تو بچی کے گرنے کی ہمیں اطلاع دی ، نہ ہی اُسے بر وقت ہسپتال لے جایا گیا جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہوئی۔
دوسری جانب نجی اسکول کے مالک نے کہا ہے کہ اریبہ آصف نامی 14 سالہ بچی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے گری جسے ہم نے فوری طور پر نجی ہسپتال داخل کرایا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔ ڈاکٹر نے ہمیں آگاہ کیا کہ بچی انتقال کرچکی ہے، واقعے پر اسکول انتظامیہ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے