حکومت نے رولز آف بزنس میں ترامیم کیں تو عدالت جائیں گے،اکرم درانی

پشاور(ڈیلی گرین گوادر) صوبہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں شکست کے بعد رولز آف بزنس میں ترامیم بدنیتی ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس پربحث کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کے پی اکرم درانی نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے رولز آف بزنس میں ترامیم کیں تو عدالت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ترامیم میں اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ ووٹ سیاستدان لے گا اور فیصلہ اسسٹنٹ کمشنر کرے گا؟جعمیت العلمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ نئی رولز آف بزنس لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

اکرم درانی نے کہا کہ حکومت نے عجلت میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ پاس کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر اپوزیشن کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایک بار پھر لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی گئی ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری افسر اختیارات چاہتا ہے تو پھر مستعفیٰ ہو کر الیکشن لڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے