معیارتعلیم کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، صوبائی وزیرتعلیم میرنصیب اللہ مری
سبی(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں معیاری تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول سبی اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سبی کے دورے کی موقع پر اساتذہ اور طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ڈویثرنل ڈائریکٹر محمد اختر کھیتران اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالحمید ابڑو بھی انکے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں نظام تعلیم میں اصلاحات سمیت صوبے میں تعلیمی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اساتذہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خوش اسلوبی اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں تاکہ نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے حکومت کے ساتھ ساتھ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم بھی حکومتی اقدامات پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنائیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کسی صورت برداشت نہیں کیئے جائیں گے اساتذہ کو معاشرے میں ایک بہترین مقام حاصل ہے اب آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کی تبدیلی اور نوجوان نسل کو تعلیم کے میدان میں لانے کے لیئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ ایک سلجھے اور پڑھے لکھے ماحول کا آغاز کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں وہی اقوام ترقی یافتہ ہیں جنہوں نے تعلیم کو اپنا ہتھیار بنایا اس کے لئے ضروری ہے کہ اساتذہ کرام اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی نہایت ایمانداری سے سر انجام دیں