اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزادیٔ اظہار کی آڑ میں ریاست کی مقرر کردہ ریڈ لائنز عبور کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔اسلام آباد میں ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے ڈیجیٹل میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
وزیر داخلہ نے اپنی تقریر کے آغاز میں ریاست کے لیے 4 ریڈ لائنز کی نشاندہی کی جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت اپنے شہریوں کے خون کی صورت میں ادا کی ہے۔ ان کے بقول وزیر داخلہ کی حیثیت سے وہ شہدا کے جنازوں میں شریک ہوئے ہیں اور اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ان کی جان لینے والی نفرت کا آغاز موبائل فون سے ہوتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے پھیلاؤ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جواب دہی کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہم آزادی اظہار پر پابندی کی بات نہیں کرتے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے صحافیوں کو رپورٹ، شہریوں کو سوال کرنا چاہیے اور اختلاف رائے کو بھی سننا چاہیے۔
محسن نقوی کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے کہ وہ صارفین کی شکایات کا بروقت جواب دیں اور شکایات سے نمٹنے کے معاملے میں انہیں جواب دہ ہونا چاہیے۔انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ خبروں کی رپورٹنگ اور مواد کی اشاعت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
وسائل کی تقسیم سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب کو آبادی کے تناسب سے اپنے حصے سے زیادہ وسائل نہیں ملتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے کام کر رہی ہے، پنجاب 14 کروڑ آبادی کا صوبہ ہے اور اتنی بڑی آبادی کے لیے یہاں این سی سی آئی اے میں صرف 61 افراد ملازمین ہیں جن میں ڈرائیورز اور کلرک بھی شامل ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی نگرانی مؤثر بنانا اور انہیں جواب دہی کا پابند کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی ڈیجیٹل پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروسز اور مواد تخلیق کرنے والوں کو اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ رجسٹریشن کسی کی آواز دبانے کا لائسنس نہیں بلکہ اس سے یہ طے ہوگا کہ کسی خرابی یا خلاف ورزی کی صورت میں جواب دہ کون ہوگا۔ ان کے مطابق ہر پلیٹ فارم کو پاکستان میں ایک بااختیار نمائندہ مقرر کرنا ہوگا جو فیصلے کرنے اور شکایات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے لیے شکایات درج کرانے کا ایک ہی نظام ہونا چاہیے جس کے ذریعے وہ اپنی شکایت پر ہونے والی پیش رفت بھی دیکھ سکیں۔ ان کے مطابق حکومت این سی سی آئی کی تمام شکایات پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کر رہی ہے اور شکایات کی مکمل نگرانی کے لیے نظام تیار کیا جا رہا ہے۔
آن لائن ہراسانی کے سنگین نتائج کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک عوامی سماعت کے دوران ان کی ملاقات 5 لڑکیوں سے ہوئی تھی جنہوں نے اپنی پریشانی کے بارے میں مختلف واقعات بیان کیے۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے 3 لڑکیوں نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر حساس مواد اپ لوڈ کرنے کے قریب تھیں اور اس کے ساتھ خودکشی کی دھمکیوں پر مبنی پیغامات بھی لکھ رہی تھیں جبکہ 2 لڑکیوں نے خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم وہ بچ گئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کے پاس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک فوری رسائی کا کوئی مؤثر طریقہ موجود نہیں۔ ان کے بقول لوگوں کی جان بچانے کے لیے ان پلیٹ فارمز کو خود کارروائی کرنا ہوگی لیکن حکام کے پاس ان تک پہنچنے کا کوئی مناسب راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایسے مؤثر رابطہ نظام کی ضرورت پر زور دیا جس کے ذریعے متعلقہ حکام ایسے واقعات میں سوشل میڈیا کمپنیوں سے فوری رابطہ کر سکیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اس بات کی نگرانی کرے گی کہ پلیٹ فارمز شکایات پر عملی کارروائی کرتے ہیں یا نہیں، خصوصاً ایسی شکایات جن کا تعلق لوگوں کی جان اور تحفظ کو لاحق خطرات سے ہو۔محسن نقوی نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کرے گی۔ پہلے ان سے بات چیت کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر نوٹس جاری کرنے کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق کسی پورے پلیٹ فارم کو بند کرنا آخری آپشن ہوگا۔
محسن نقوی نے سائبر کرائم کی حالیہ تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی نے چند ماہ قبل بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد تیار کرنے اور فروخت کرنے والے ایک بین الاقوامی گروہ کو بے نقاب کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایجنسی نے چند روز قبل ایبٹ آباد میں ایک دفتر پر بھی چھاپہ مارا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے بروقت کارروائی بچوں کو استحصال سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ حکومت جدید آلات، فرانزک سہولیات، مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقات اور اضافی مہارتوں کے ذریعے این سی سی آئی کی استعداد کار بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو آن لائن مواد سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارمز حکومت کے ساتھ ایک ہی صف میں بیٹھ کر کام کریں، عالمی سطح پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں لیکن مقامی سطح پر جواب دہ ہوں اور کسی پاکستانی کو یہ محسوس نہ ہو کہ اس کی بات نہیں سنی جا رہی۔

