نادرا دفاتر میں ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر چیئرمین نے نوٹس لے لیا
کراچی :نادرا کے دفاتر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ ہونے پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے نوٹس لے لیا۔نادرا کے ترجمان کے مطابق چیئرمین نادرا نے فوری احتیاطی اقدامات لینے کے احکامات جاری کر دیئے اور کہا ہے کہ ملک بھر میں نادرا سینٹرز میں جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نادرا کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے سائلین کو نادرا کے دفتر آنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی قرار دے دیا۔چیئرمین نادرا نے ملک بھر کے تمام سینٹرز میں تھرمو گن سے اسکریننگ کے بعد داخلے کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی، نادرا دفاتر کے اندر اور باہر ایک میٹر کی سماجی دوری رکھنا لازمی قرار دے دیا۔
چیئرمین نادرا کی ہدایت کے مطابق سائلین اور تصدیق کنندہ کو ماسک کے بغیر دفاتر میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، دفتر میں داخلے سے پہلے ہاتھوں کو لازمی سینیٹائز کیا جائے۔چیئرمین نادرا نے ہدایت کی ہے کہ نادرا دفاتر کے اندر سماجی دوری کے لیے الگ قطاریں بنائی جائیں، دفاتر میں رجسٹریشن کے بعد مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔
چیئرمین نادرا نے تمام عملے کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو نادرا دفاتر پر رش سے بچائیں۔چیئرمین نادرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے فوری اجراء کے لیے نادرا نے اقدامات کیئے ہیں، شہری کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ آن لائن یا قریبی نادرا کے مراکز سے حاصل کریں۔