ملتان(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ضلعی انتظامیہ ملتان کے مطابق ناسازی طبیعت کے باعث مولانافضل الرحمان کو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔قبل ازیں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو ایک بار پھر نظر بند کردیا، پنجاب حکومت نے رحیم یارخان کے قریب سربراہ جے یو آئی ن کوحراست میں لے لیا۔
لاہور پولیس نے گزشتہ روز مولانا کی نظربندی ختم کرکے سفرکی اجازت دی تھی تاہم آج ان کو ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان طے شدہ شیڈول کے مطابق بذریعہ سڑک سندھ روانہ ہوئے تھے، مولانا نے کل لاڑکانہ میں خالدسومرو کی یاد میں کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔
بیان کے مطابق جے یوآئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیراحرار بھی ہمراہ ہیں، جے یوآئی سندھ کےجنرل سیکرٹری راشد سومرو کو بھی رحیم یار خان سے گرفتار کرلیاگیا، عبدالغفورحیدری اور پنجاب کے صوبائی امیرمولانا امجد خان بھی پنجاب پولیس کےزیرحراست ہیں۔

