کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلوچستان نے قومی شاہراہ این-25 پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، عوامی مشکلات کے ازالے اور امن و امان کے قیام کے لیے سوراب، خضدار اور وڈھ کے علاقوں میں احتجاج، دھرنوں اور سڑکوں کی بندش پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق قومی شاہراہ این-25 پر بار بار احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور راستوں کی بندش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ مسافروں، ٹرانسپورٹرز، مریضوں، تاجروں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ این-25 بین الاضلاعی اور بین الصوبائی اہم شاہراہ ہے، جس کی بندش سے ضروری اشیاء، خدمات اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر ہوتی ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوتا ہے۔حکومت بلوچستان نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر تین ماہ کے لیے این-25 کے متعین حساس مقامات پر احتجاج، مظاہروں، دھرنوں، جلوسوں اور اجتماعات کے انعقاد، شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے، گاڑیاں یا دیگر اشیاء کھڑی کرنے اور ٹریفک کی آزادانہ نقل و حرکت میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔حکم نامے کے تحت متعلقہ علاقوں میں کسی بھی شخص کو شاہراہ پر رکاوٹ ڈالنے، احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت یا سہولت کاری کرنے اور ایسی کسی بھی کارروائی کی اجازت نہیں ہوگی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو یا عوامی امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔محکمہ داخلہ نے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکم نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور قومی شاہراہ کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک رکھنے کے لیے ضروری قانونی و انتظامی اقدامات کریں۔حکم نامے کے مطابق یہ پابندی اجرا کی تاریخ سے تین ماہ تک نافذ العمل رہے گی، تاہم قانون کے مطابق اس میں ترمیم، منسوخی یا مدت میں توسیع کی جاسکے گی۔
بلوچستان میں قومی شاہراہ این-25 پر احتجاج، دھرنوں اور سڑکوں کی بندش پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد

ٹیگز:
این-25
