اسلام آباد(ملک غلام مرتضی) سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے سردار احمد صغیر، الیاس عالم اور دیگر سیاسی رفقاء کے ہمراہ سینئر صحافی، چیئرمین RIBJA اور چیف ایڈیٹر اسلام آباد ٹوڈے سردار شوکت محمود خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کی اور اہلِ خانہ سے دلی افسوس و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سردار شوکت محمود خان ان کے والد مرحوم و مغفور سابق وزیراعظم راجہ ممتاز راٹھور کے دیرینہ اور قابل ساتھی ہیں ۔ اس دکھ کی گھڑی میں وہ سردار شوکت محمود خان اور ان کے تمام اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی جدائی ایک ایسا صدمہ ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں، کیونکہ ماں کا رشتہ تمام رشتوں سے افضل اور بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ماں کی جدائی کا صدمہ برداشت کر چکے ہیں، اس لیے اس دکھ کی گہرائی کو بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔اس موقع پر سابق چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ سردار امجد جلیل، سابق امیدوار اسمبلی سردار زاہد شریف، سابق امیدوار ضلع کونسل سردار طاہر محمود، چیئرمین یونین کونسل بنگوئیں سردار عامر عنصر خان، سردار قاری اصغر خان، سردار زاہد یوسف، سابق ڈی او سردار ممتاز غنی، سینئر صحافی رازق بھٹی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
ماں کا رشتہ سب سے افضل اور بے مثال ہے، سابق وزیر اعظم فیصل راٹھور

ٹیگز:
فیصل راٹھور
