اسلام آباد(ملک غلام مرتضی) وفاقی جمہوریہ برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے مسلح افواج کے سربراہانِ مشترکہ اسٹاف کے چیف، ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے، فضائی افواج کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے اور تربیت، پیشہ ورانہ استعداد سازی اور عملی تجربات کے تبادلے میں اشتراک کے نئے امکانات تلاش کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جاری جدیدکاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خلائی، سائبر، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر سمیت روایتی و غیر روایتی جنگی صلاحیتوں پر محیط ایک مربوط، کثیرالجہتی عملی نظام کی تشکیل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے بدلتے ہوئے اور پیچیدہ تر ہوتے ہوئے تزویراتی و سلامتی کے ماحول میں برتری برقرار رکھنے کے لیے تکنیکی ترقی، خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
برازیل کے ایڈمرل نے فضائی و سلامتی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تبادلوں، باہمی استفادے اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے انسانی وسائل کے تجربات اور مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، تاکہ تکنیکی تیاری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مضبوط تر کیا جا سکے۔ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مسلح افواج کے سربراہانِ مشترکہ اسٹاف کے چیف، ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، پیشہ ورانہ تعاون کو مستحکم کرنے اور فضائی دفاع کے شعبے میں اشتراک کے نئے امکانات تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

