کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت آج بی ٹیوٹا (B-TEVTA) کے امور سے متعلقہ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ٹیکنیکل و ووکیشنل تعلیم کی بہتری اور نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا نے صوبائی سطح پر جاری اور آئندہ منصوبوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بی- ٹیوٹا (BTEVTA) بلوچستان میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تیزی سے گامزن ہے۔ اس وڑن کے تحت نوجوانوں کی تربیت کا آغاز کیا جا رہا ہے تربیتی نصاب کو ملکی اور بین الاقوامی مزدوری مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہترین اور پائیدار مواقع فراہم ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ، اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن (ڈیجیٹل بی ٹی یوٹا)، اور داخلہ کے نظام کو مرکزی اور شفاف بنانے کے لیے 90 روزہ ترجیحی پلان پر مؤثر عمل درآمد جاری ہے، جو صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روشن مستقبل کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہو۔ چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے ہدایت کی کہ بی ٹیوٹا کے تحت کام کرنے والے مختلف ٹیکنیکل اداروں کو مرکزی نگرانی اور معیار کے تحت منظم کیا جائے تاکہ وسائل کا اشتراک، سیکھنے کے معیار اور نتائج میں بہتری آئے۔ انہوں نے نجی شعبے کے ساتھ شراکتِ عمل بڑھانے، انٹرنشپ اور جاب میلہ جات کے ذریعے تربیت یافتگان کو روزگار سے جوڑنے، اور مائیکروفنانسنگ یا چھوٹے کاروباری قرضوں کے راستے آسان کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ایسے ہنر جن کی طلب مقامی صنعتوں، تعمیرات، زرعی مشینری اور آئی ٹی سیکٹر میں زیادہ ہے، پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا۔ بی ٹیوٹا کے ماتحت اداروں میں اصلاحات، نصاب کی جدید کاری، معیاری اسناد کا نفاذ اور تربیت کے اثرات جانچنے کے لیے مانیٹرنگ و ایوالیوشن میکانزم کو مؤثر بنانے کے فیصلے بھی اجلاس میں کیے گئے۔ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ اس پروگرام کا نفاذ شفاف، بروقت اور نتائج پر مبنی ہونا چاہیے تاکہ نوجوان جلد از جلد مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنر مند بن کر روزگار حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) ادارے کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی جانب اہم پیش رفت کر رہی ہے، جس کے تحت ایک مربوط اور جامع ڈیجیٹل نظام تشکیل دیا جائے گا۔ اس نظام کے ذریعے HRMS کے تحت تمام منسلک محکموں کے ملازمین اور اسٹیبلشمنٹ کا مصدقہ ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا، جبکہ MIS کے ذریعے اداروں، ٹرینیز، ٹریڈز، داخلوں اور کارکردگی سے متعلق تمام معلومات یکجا کی جائیں گی۔ بائیومیٹرک حاضری کے نظام کو ایچ آر اور تنخواہوں کے کنٹرول سے منسلک کر کے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ہنر کے ڈیٹا بینک اور جاب پورٹلز کے ذریعے تربیت یافتہ افراد کو لیبر مارکیٹ کے مواقع سے جوڑا جائے گا۔
بی ٹیوٹا کے تحت کام کرنے والے مختلف ٹیکنیکل اداروں کو مرکزی نگرانی اور معیار کے تحت منظم کیا جائے تاکہ وسائل کا اشتراک، سیکھنے کے معیار اور نتائج میں بہتری آئے، شکیل قادر خان

ٹیگز:
شکیل قادر خان
