کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں ضلع قلعہ سیف اللہ ،زیارت ،چمن ، توبہ اچکزئی ،رود ملازی اور ضلع قلعہ عبداللہ خان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید اور تباہ کن ژالہ باری اور بار شوں کے نتیجے میں ہونے والے وسیع پیمانے پر نقصانات پر گہری تشویش، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس غیر معمولی موسمی آفت نے نہ صرف زرعی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں روزگار، آمدنی اور معاشی استحکام کو بھی خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔پریس ریلیز میں مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ژالہ باری کے باعث ہزاروں ایکڑ پر پھلدار باغات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ گندم اور دیگر کھڑی فصلیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے نتیجے میں مقامی کاشتکاروں اور باغبانوں کو اربوں روپے کے نقصانات کا سامنا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی، پانی کی کمی اور زرعی اخراجات میں اضافے جیسے مسائل سے نبرد آزما تھے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ژالہ باری کے باعث گھروں کی چھتوں، شیشوں، گاڑیوں اور خاص طور پر سولر سسٹمز کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جو ان علاقوں میں بجلی کی قلت کے باعث عوام کی بنیادی ضرورت بن چکے ہیں۔ سولر پینلز کی تباہی نے عوام کو ایک بار پھر شدید توانائی بحران سے دوچار کر دیا ہے، جس سے ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس صورتحال کو ایک سنگین انسانی و معاشی بحران قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ،زیارت ،رود ملازی ،چمن ،توبہ اچکزئی اور قلعہ عبداللہ خان کے مختلف علاقوں اور دیگر اضلاع جیسے زراعت پر انحصار کرنے والے اضلاع میں اس قسم کی قدرتی آفات نہ صرف مقامی معیشت کو مفلوج کر دیتی ہیں بلکہ اس کے اثرات پورے صوبے تک پھیلتے ہیں۔ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے منفی اثرات آنے والے کئی سالوں تک برقرار رہیں گے۔
بیان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ: • متاثرہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف آپریشن شروع کیا جائے؛ • نقصانات کا شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری سروے مکمل کیا جائے تاکہ حقیقی متاثرین کی درست نشاندہی ہو سکے؛• متاثرہ کاشتکاروں، باغبانوں اور عام شہریوں کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے؛ • زرعی قرضوں کی واپسی میں مہلت، اور ٹیکسوں میں خصوصی رعایت دی جائے• تباہ شدہ سولر سسٹمز، گھروں اور دیگر املاک کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے؛ • زرعی شعبے کی بحالی کے لیے بیج، کھاد اور دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر فراہم کی جائیں۔مزید کہا گیا ہے کہ اگر حکومت نے اس نازک صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو متاثرہ عوام شدید معاشی بحران، بیروزگاری اور غربت کی دلدل میں مزید دھنس جائیں گے، جس کے تمام تر نتائج اور ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔پریس ریلیز میں پارٹی کے تمام ضلعی، تحصیل اور علاقائی ذمہ داران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کریں، عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں، ان کے مسائل کو دستاویزی شکل دیں اور ہر سطح پر ان کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنائیں۔آخر میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ، نقصانات کے ازالے اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن آئینی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تباہ کن ژالہ باری اور بارشوں پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا شدید اظہارِ تشویش، فوری و ہنگامی اقدامات کا مطالبہ

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
