پشین (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ظلم و جبر کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا اور مظلوم کا ساتھ دینا پارٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی متاثرہ اور مظلوم خاندان کے لواحقین کے ساتھ ہر مرحلے پر کھڑی رہے گی اور انصاف کے حصول تک ان کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور قانونی حمایت جاری رکھے گی۔وہ پشین کے علاقے یارو میں پشتون قومی سیاسی تحریک کے بزرگ رہنما مرحوم عالمگیر لالا کے گھر پر شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سندھ نظام خان ، مرکزی کمیٹی کے اراکین حاجی میرو لالا، محمود علی کاکڑ، پیر شمس اللہ سمیت دیگر ضلعی و علاقائی رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔خوشحال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی کے گھر پر حملہ کرنا انسانی، پشتون روایات اور اسلامی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے، جو چادر اور چار دیواری کے تقدس کی بدترین پامالی کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک انسانیت سوز اور دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینا نہایت ضروری ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یارو میں آباد مختلف قبائل ایک دوسرے کے ساتھ رشتہ داری اور اخوت کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، لہٰذا ان کے درمیان کسی بھی قسم کی تفریق یا تقسیم پیدا کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں تمام تر ذاتی، قبائلی اور خاندانی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر حق، انصاف اور مظلوم کا ساتھ دینا ہوگا۔پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے پشتون قومی سیاسی تحریک کے بزرگ رہنما مرحوم عالمگیر خان لالا کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں جس جرات، استقامت اور قربانی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھی، وہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی زندگی جدوجہد، قربانی اور قوم کی خدمت سے عبارت تھی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مرحوم کے خاندان، عزیز و اقارب اور لواحقین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ پارٹی کے قائدین اور کارکن ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور انصاف کے حصول تک ہر ممکن مدد، تعاون اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ظلم و جبر کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا اور مظلوم کا ساتھ دینا پارٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے، خوشحال خان کاکڑ

ٹیگز:
خوشحال خان کاکڑ
