کوئٹہ:بلوچستان ہائیکورٹ میں چیف جسٹس جناب روزی خان بڑیچ کی خصوصی ہدایت پر ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے “اثاثہ جات ڈیکلریشن برانچ” کا باضابطہ قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس برانچ کا مقصد عدالتی عملے کے اثاثہ جات کو ریکارڈ پر لانا، ان کی تفصیلات محفوظ رکھنا اور مثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔عدالتی اعلامیہ کے مطابق ہائیکورٹ کے ماتحت تمام عدالتی عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر اپنے تمام قابل ذکر اثاثوں کی تفصیلات اس برانچ میں جمع کرائیں، جبکہ ہر ملازم پر لازم ہوگا کہ وہ سالانہ بنیاد پر 30 جون سے قبل اپنے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات اور گوشوارے جمع کرائے۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایت پر عمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ہائیکورٹ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام عدلیہ میں شفافیت، احتساب اور بدعنوانی سے پاک ماحول کے قیام کے لیے ایک عملی قدم ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں اثاثہ جات ڈیکلریشن برانچ قائم، عدالتی عملے کو ایک ماہ میں اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت

