کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری کیوڈی اے اوراربن پلاننگ مبین خان خلجی سے صلاح الدین کبزئی کی قیادت میں ایک وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وفد میں ملک محی الدین خان،وسیم احمد،لالا رشید،بلال خان،کنیلا لال،محمد زبیر،پھول چند،رزاق اورلالا محمد اشرف شامل تھے۔وفد نے پارلیمانی سیکرٹری مبین خان خلجی کو حلقے کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیااورانہیں حلقے کے دورے کی دعوت دی۔ پارلیمانی سیکرٹری مبین خان خلجی نے وفد کی جانب سے حلقے کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جس کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ عوام کے بنیادی مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے مزید ٹیوب ویل لگائے جائیں گے جبکہ حلقے کیلئے اسکیمات کو آئندہ مالی سال2021-22ء کی پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے دوران اپنے حلقے کے عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں انشاء اللہ ہر صورت میں پوراکیا جائے گا۔
ہماری کوشش ہے کہ حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،مبین خان خلجی

ٹیگز:
مبین خان خلجی
