بلوچستان کے زمینداروں کا ریڈزون میں احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے زمینداروں نے کیسکو کی جانب سے صرف تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کے خلاف چھ مئی کو کوئٹہ کے ریڈ زون میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی نے بتایا کہ دو ماہ ہوگئے ہیں کیسکو کی جانب سے زمینداروں کو بجلی کی فراہمی کا کوٹہ چھ گھنٹے سے کم کرکے تین گھنٹے کردیا 24گھنٹوں کے دوران صرف تین گھنٹے بجلی مہیا کی جارہی ہے۔زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ دو ماہ کے دوران بارشوں کے باعث ہمیں ٹیوب ویلز سے پانی حاصل کرنے کی زیادہ ضرورت نہیں پڑی،تاہم اب بارشوں کا اسپیل نکل گیا ہے اب زمیندارون کو فصلوں اور باغات کیلئے پانی کی ضرورت ہے۔عبدالرحمان بازئی نے کہا کہ اب ہمیں چھ گھنٹے بجلی سے پانی نہیں ملا تو سارے باغات تباہ ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں نے کیسکو کی جانب سے صرف تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کے خلاف چھ مئی کو کوئٹہ کے ریڈ زون میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔