بانی پی ٹی آئی کو ان کے اپنے لوگوں نے پھنسایا ہے،بلاول بھٹو

مالاکنڈ(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ان کے اپنے لوگوں نے پھنسایا ہے۔

مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ایک پلانٹڈ لیڈر نے بلےکےکیس سے 2 دن پہلےعدلیہ کو برا بھلا کہا تھا، پی ٹی آئی کے پلانٹڈ لیڈر اور وکلا کی وجہ سے بلےکا نشان چلا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مالاکنڈ نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور شہادتیں قبول کیں، 8 فروری کو موقع ہے مالاکنڈ کے اصل نمائندوں کو منتخب کریں اور ہم تمام مسائل اور مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر مخالفین جشن منا رہے ہیں، یوسف گیلانی کی نااہلی پربھی مخالفین جشن منا رہے تھے مگر عمران خان کی نااہلی پرپیپلزپارٹی خوشی نہیں منارہی ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3 بار وزیر اعظم بنے اور ہر بار نفرت اور تقسیم کی سیاست کی، میاں صاحب جب جب وزیراعظم بنے انہوں نے نفرت کی سیاست کی، چوتھی باروزیر اعظم بننےکا خواہشمند آپ کے پاس آیا ہے؟ کیا مولانا فضل الرحمن ووٹ مانگنے آپ کے پاس آیا ہے؟ نوازشریف نے بھٹو کی بیٹی کے خلاف جعلی کیسز بنوائے۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے سیاستدانوں کو پیغام ہےکہ عوام کے ساتھ ایسے نہ کھیلیں، سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدلنے کا نقصان ملک کو ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوتبدیلی کی امید دلائی تھی بانی پی ٹی آئی خود توبہ کرے، مکافات عمل اس ہی دنیا میں دیکھنا پڑےگا، عمران خان وزیراعظم بنے تو صرف یوٹرن لیے، بانی پی ٹی آئی مخالفین کو چور چور کہتا رہا، 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے نے کتنےگھر دیے؟

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کوکہا تھا کہ مخالفین کی گھر کی عورتوں کو گرفتار نہ کرو، آج ان کی اپنی بیوی کو جیل جانا پڑ رہا ہے، آج خان صاحب کی اہلیہ کے جیل جانے پر مجھے دکھ ہے، خان صاحب کو مکافات عمل دیکھنا پڑ رہا ہے، خان صاحب کہتے تھے میں انہیں رولاؤں گا اور آج خود رو رہا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے سوال کیا کہ ہم کب تک یہ سیاست دیکھتے رہیں گے؟ ہمیں دیکھنا پڑے گا کہ یہ کب تک یہ معاملہ چلتا رہے گا۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ میں ان کی طرح دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتا ہوں،لوگ دہشتگردی اور سردی کے بہانے بنا رہے تھے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے، صرف تیر ہی نوازشریف کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کا راستہ روک سکتا ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہےجوشیرکاشکارکرسکتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ میں نے خیبرپختونخوا سے انتخابی مہم کا آغاز کیا، الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں کیونکہ پاکستان خطرے میں ہے، جن دہشتگردوں کو ہم نے شکست دی وہ پھر سر اٹھا رہے ہیں، ان کی پرانی سیاست کی وجہ سے آج دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہم آج بھی لڑنے کے لیے تیار ہیں، شہدا کے خون پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت میں آکر سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، ہم نے سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کے ہسپتال بنائے ہیں، عوام سے ہیلتھ کارڈ کے نام پر دھوکا نہیں کریں گے، خیبر پختونخوا میں مکمل مفت علاج کے لیے ہسپتال بنائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے شہداکےخون پر سودا کیا اور دہشتگردوں کو دعوت دی، میں حکومت میں آکر شہدا کے خون کا سودا نہیں کروں گا، یوسیزکی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری نےانتقام کے بجائے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، پی ٹی آئی اور ن لیگ اشرافیہ کو ریلیف، عوام کو تکلیف دیتے ہیں، میں وزیراعظم بن کرعوام کو ریلیف، اشرافیہ کو تکلیف پہنچاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اب ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی کروارہی ہے انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو پیغام دیا کہ اپنا ووٹ آزاد امیدواروں پرضائع نہیں کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے