اسلام دین امن ہے جو،رواداری اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام پریس کلب کوئٹہ میں پیغام پاکستان امن کا نفرنس منعقد کی گئی جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور/چیئرمین مجلس علماء پاکستان سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی اس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی جن کے اسماء گرامی یہ ہیں مولانا انوار الحق حقانی،ڈاکٹر عطاء الرحمن،قاری عبدالحفیظ،قاری عبدالرشید ہزاروی،مفتی محمد روزی خان،علامہ سید محمد ہاشم موسوی،پادری سائمن بشیر،سردار جسبیر سنگھ،قاری مہراللہ،مولانا حزب اللہ عثمانی،مولاناسید نقیب اللہ آغا،مولانا سنزر سعید،سردار محمداقبال خلجی،مولانا مختیار احمد حبیبی،مولانا عنایت اللہ،مولانا احسان الحق،شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ ڈاکٹر محمد موسی حسینی،مولانا ارشاد اللہ،مولانا راز محمد اچکزئی،مولوی عتیق الرحمن،مولانا محمد علی مظلوم،سید غلام حسین گیلانی،معروف سماجی و سیاسی شخصیات،صحافی حضرات نے شرکت و خطاب کیا،کانفرنس سے سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دین امن ہے جواحترام انسانیت،مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور تشدد سے پاک معاشرے کا درس دیتا ہے،پیغام پاکستان کے فروغ کیلئے منبر ومحراب کی بھرپورتائید سے دشمن کی ناپاک سازشیں ناکام ہوئیں ہیں،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی کمر کو توڑا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا،دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر اور انتشار پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں،مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے،افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی و دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دے کر وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے،پاکستان کے تحفظ و سلامتی کیلئے تمام علماء کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،بلوچستان کی عوام غیور،ایماندار اور محب وطن ہے،بلوچستان کے لوگوں نے پاکستان کیلئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کیں ہیں،پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس کو علماء کرام و مشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنادیں گے،پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنائیں گے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے تحفظ،امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آرمی چیف جنرل سید حافظ عاصم منیر کاحالیہ بیان پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے،وزیر اعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا ہے،آج پوری اْمت مسلمہ فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا ہم سب پر فرض عین ہے،دیگر علماء کرام ومشائخ عظام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان امن کانفرنس پورے پاکستان کیلئے امن ومحبت کا پیغام ہے،پاکستان میں کسی کو بھی انتشار اور فرقہ واریت پھیلانے کی قطعااجازت نہیں دی جائے گی اورہم ملک کے خلاف دشمن کے کسی ایجنڈے و سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،بلوچستان کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے ہم اپنے ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے،پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے،آئیں ملکر اس بیانیے کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ و فلسطین کے مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے