پیپلزپارٹی بلوچستان کی نمائندہ جماعت ہے ، سید حسنین ہاشمی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے 56 یوم تاسیس کے کامیاب جلسے نے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، ہم آئندہ عام انتخابات میں نہ کسی کے لئے میدان خالی چھوڑیں اور نہ ہی حقیقی جمہوری جدوجہد سے دستبردار ہونگے، عوام کی طاقت سے پیپلزپارٹی مرکز اور صوبے میں حکومت بنانے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ یہ بات انہوں نے یوم تاسیس کے جلسے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہی۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی کال پر لبیک کہتے ہوئے یوم تاسیس کے جلسے کو کامیاب بنایا اور صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپنی والہانہ محبت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جلسہ کرنے پر صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، نواب ثناء اللہ خان زہری سمیت انتظامی کمیٹی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے انتہائی منظم انداز میں جلسے کے انعقاد کو ممکن بنایا۔ سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ جو جماعتیں بلوچستان میں بند کمروں میں کامیابی کے دعوے کر رہی تھیں آج پیپلزپارٹی نے انہیں کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جواب دیا ہے کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے