تاشقند(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16واں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او سمٹ میں پاکستان کی نمائندہ کرنا اعزاز کی بات ہے، میرے اور وفد کا والہانہ استقبال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے میں ترقی کے لئے اہم فارم ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ترقی ممکن ہے، خوش ہوں کہ اگلا ای سی او سیکرٹری پاکستان سے ہوگا۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ای سی او ممبر ممالک معدنی وسائل سے مالا مال ہیں، ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے، ای سی او کے تمام ممالک کو جنگ بندی کے لیےکردار ادا کرنا چاہیے۔
قبل ازیں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ غزہ میں انسانی بحران اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان ایئرلائن کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروباراورسیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے مثبت پیشرفت قراردیا۔وزیر اعظم کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز ، علاقائی تعاون اوراجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ای سی او کے اہم کردارپرتبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔انوار الحق کاکڑ کی آج ازبکستان تاریخی شہر ثمر قند روانگی بھی متوقع ہے، جہاں وہ حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دیں گے۔

