پاکستان اور بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، سرد ار محمد صالح بھوتانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے گوادر میں سیکورٹی فورسز کے قافلے اور میانوالی میں ٹریننگ ائیر بیس اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز پر دہشتگردوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکورٹی فورسز کے جوان ہرروز اپنے خون سے وطن کی آبیار ی کر رہے ہیں بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے گوادر میں فورسز کے قافلے کو چھپ کر نشانہ بنایا دہشتگرد پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں جس کی انہیں اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میانوالی میں فورسز کے جوانوں نے جواں مردی سے دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا دہشتگرد سن لیں کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے اور ملک کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے گوادر اور میانوالی میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔