لاہور (ڈیلی گرین گوادر) حماس مسلم امہ کو مدد کے لیے پکار رہا ہے ۔اسرائیل نے فلسطین میں مسلمانوں کی نسلیں اجاڑ دیں ہیں،ان کے گھر بار،ہسپتال،اسکول، پناہ گاہیں،دن رات بمباری کی زد میں ہیں۔ معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل عام نے لرزہ طاری کردیا ہے ۔ان حالات میں مسلم حکمرانوں کی بے حسی قابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے صوبہ کی شوریٰ کے اجلاس میں اراکینِ شوریٰ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مشاورت اسلامی زندگی کا اہم ستون ہے۔صائب الرائے افراد کا مل کر تمام پہلووں سے جائزہ لے کر رائے دینا شورائیت ہے اور معاملات کو مل کر طے کرنا مشورہ ہے۔
مشورے کے بغیر اجتماعی کام انجام دینا جاہلیت کا طریقہ ہے ۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ مشاورت کا اصول ہر چھوٹے بڑے معاملات میں برتا جانا چاہئیے۔ اسلامی جمہوریت میں ہر فرد کی رائے اہم ہوتی ہے۔ارکین شوری کو اپنے اندر تقوی کی آبیاری و تعلق باللہ کرنا ضروری ہے۔محبت، خیر خواہی، حسن زن اور لہجے کی نرمی جیسی خصوصیات شوری کے ہر فرد میں لازمی ہونی چاہیئے۔ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے اراکین شوری سے اپنے خطاب میں کہا کہ انتخاب و استصواب کا تسلسل اور شورائی نظام جماعت اسلامی کا خاصہ ہے۔اراکین شوری کے لئے یہ ضروری ہےکہ وہ اخلاص، احساس ذمہ داری و استقامت کے ساتھ مشورہ دیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ آپس کے تعلقات کو مستحکم بنائیں اور فہم قرآن کو فرد کے اندر تک اتارنے کی عملی کوشش جاری رکھیں۔اپنے خطاب کے دوران رخشندہ منیب نے اراکینِ کی تربیت گاہوں کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار، معتمدہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی تسنیم معظم، ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب، نائب ناظمات صوبہ و اراکینِ شوری صوبہ موجود تھیں۔

