آئی ٹی انڈسٹریزی کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کی تشکیل پر کام جاری ہے، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو ہفتہ کے روز یہاں محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرنیشنل آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل کنسلٹنٹ اور انٹرنیشنل بنکنگ اینڈ فنانشل کنسلٹنٹ کی جانب سے بلوچستان ڈیجیٹل روڑ میپ 2030 سے متعلق اعلی سطحی بریفننگ دی گئی، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت وسیع المدتی آئی ٹی منصوبوں کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کیا گیا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں آئی ٹی انڈسٹریزی کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کی تشکیل پر کام جاری ہے۔
بلوچستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں رئیل ٹائم سسٹم مینجمنٹ کا نفاذ خاطر خواہ نتائج کا حامل ثابت ہوا ہے ان حوصلہ افزا نتائج کی روشنی میں رئیل ٹائم سسٹم مینجمنٹ کا دائرہ کار دیگر محکموں تک بڑھانے کی ضرورت ہے، نگران وزیر اعلی بلوچستان نے ہدایت کی کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اور کنسلٹنٹ بلوچستان میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے مجوزہ منصوبوں پر مشاورت کرکے آئندہ مشترکہ اجلاس میں جامع ورکنگ پیپر پیش کریں نجی شعبے کی معاونت سے صوبائی سطح پر ڈیٹا بنک کے قیام اور صوبائی حکومت کی اونرشپ کے لئے حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں باہمی مشاورت سے لیا جائے گا آئی ٹی کمپنیز کو سوفٹ ویئر کی تشکیل اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے اور جہاں ضرورت پیش آئی رائج الوقت رولز میں بہتری لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ ڈیٹا بیس کے قیام سے بجٹ کی تشکیل سمیت مفاد عامہ سے متعلق بہتر منصوبہ بندی ممکن ہوسکے گی اس کے علاہ ایجوکیشن ایکو سسٹم کی تشکیل سے تعلیمی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ اسٹوڈنٹ لائف سائیکل جیسے سوفٹ ویئر سے ایک طالب علم کا کلاس اول سے لیکر اس کے برسر روزگار آنے تک کا ڈیٹا موجود ہوگا ایسے دیگر کئی مفید سافٹ ویئر مختلف شعبوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے اور ان کی تصدیق اور موازنہ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری محصولات کی وصولی کے لئے B-pay کے مجوزہ منصوبے کی تجویز کا تمام پہلوں سے جائزہ لیں گے اور عوامی سہولیات کے لیے ہر ایسے اقدام کو عملی جامہ پہنائیں گے جس سے ایک ہی چھت تلے عوام کو سرکاری امور میں آسانی اور معاونت حاصل رہے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی جدید سہولیات کو بروئے کار لاکر گورننس میں بہتری اور سروس ڈیلیوری کے عمل کو سہل بنایا جاسکتا ہے جبکہ پرفارمنس ایولیشن کے لئے آئی ٹی کے جدید طریقے کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں اس لئے ایسے مفید اور دیرپا قابل عمل آئی ٹی پروجیکٹس تشکیل دئیے جائیں جس کے فوائد عوام کو حاصل ہوں اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی بلوچستان ایاز خان مندوخیل، ڈی جی آئی ٹی ملک شہزاد اعوان، انٹر نیشنل آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل کنسلٹنٹ نوید خالد لطیف، انٹر نیشنل بنکنگ اینڈ فنانشل کنسلٹنٹ حسن علی آغا نے بلوچستان میں آئی ٹی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفننگ دی۔