اوتھل(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی اقلیتی رہنما سابق رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی نے کہاہے کہ لسبیلہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کے نام پر بلاجواز تاجروں کو ہراساں کرنا بندکرے اوتھل میں کھاد ڈیلروں کی دکانوں کے سیل نہ کھولے گئے تو ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے کاروباری مراکز کو غیر معینہ مدت کیلئے بندکردیں گے،انتظامیہ اور پولیس اسمگلنگ کو روکنے میں کامیاب نہیں ہورہی تو شریف تاجروں کی دکانوں پر غیر قانونی طریقے سے چھاپے مارکر انکی دکانوں کو سیل کرکے اپنی کارکردگی دکھانے کی ناکام کوشش کررہی ہے جسکی پر زور الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایم سی فارم اوتھل میں زمینداروں اور تاجروں کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں لسبیلہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اوتھل کے کھاد ڈیلروں کی دکانوں پر ذخیرہ اندوزی کے نام پرغیر قانونی طریقے سے چھاپے مارکر انکی دکانوں کو سیل کردیا حالانکہ یہ دکاندار باقاعدہ کمپنیوں کے رجسٹرڈ ڈیلر ہیں لیکن بغیر کسی ثبوت اور تحقیق کے پولیس نے انکی دکانوں پر چھاپہ مار ااور دکانوں کو سیل کردیاجو قابل مذمت اقدام ہے انہوں نے کہاکہ میں خود ذاتی طورپر ذخیرہ اندوزی کے خلاف ہوں کیونکہ اس سے نہ صرف شہریوں اور زمینداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچتاہے لیکن ذخیرہ اندوزی کے نام پر شریف تاجروں کی دکانوں پر چھاپے مارکر انہیں ہراساں کرنا کسی صورت مناسب نہیں لیکن لسبیلہ پولیس نے گزشتہ دنوں بغیر کسی ثبوت کے کھاد ڈیلروں کی دکانوں کو سیل کردیا اگر یہ کھاد ڈیلر کسی زمیندار کو کھاد فراہم نہیں کررہے تھے تو کوئی زمیندار ایساتو ہوگا جس نے پولیس اور انتظامیہ سے شکایت کی ہوگی لیکن پولیس اور انتظامیہ کے پاس ایسے کوئی شوائد نہیں اگر پولیس اور انتظامیہ کا شریف تاجروں کے ساتھ یہی رویہ رہا توحالات بدامنی کی طرف جائیں گے اور شریف تاجر اپنا جائز کاروبار بھی نہیں کرسکیں گے جس سے عام لوگوں اور زمینداروں کو پریشانی ہوگی انہوں نے کہاکہ پولیس اور انتظامیہ کا موقف ہے کہ ہمیں اوپر سے آرڈر ہیں اگر انہیں اوپر سے آرڈر ہیں تو جو اسمگلنگ میں ملوث ہیں انکے خلاف کاروائی کریں نہ کہ رجسٹرڈ ڈیلروں کے خلاف کاروائی کرکے اپنی کارکردگی دکھائی جائے حالانکہ روزانہ کے حساب سے کھاد،چینی اور گندم اسمگل ہورہی ہے لیکن پولیس اور انتظامیہ اس اسمگلنگ کو روکنے میں کامیاب نہیں ہورہی یاوہ انکے ساتھ ملوث ہیں میں اوتھل کے تاجروں کے ساتھ پولیس اور انتظامیہ کے اس رویہ کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ لسبیلہ کے تاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری نوٹس لیں بصورت دیگر ہم تاجربرادی اور زمینداروں کے ساتھ ملکر لسبیلہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی غنڈہ گردی کے خلاف شدید احتجاج کریں گے اور ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے کاروباری مراکز کو غیر معینہ مدت کیلئے بندکردیں گے جسکی تمام ذمہ داری لسبیلہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی اگر کوئی تاجر ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہے تو اسکے خلاف ضروری کاروائی کریں اس پر ہم بھی ساتھ دینگے پریس کانفرنس سے معروف زمیندار رہنما پیر غلام شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز اوتھل کے کھاد ڈیلروں کی دکانوں پر غیر قانونی طریقے سے چھاپے مارے ہیں حالانکہ ہم زمینداروں کی جانب سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو کوئی شکایت نہیں دی گئی ہم ان کھاد ڈیلروں سے پوری طرح مطمئن ہیں وہ ہمیں بروقت یوریا اورکھاد فراہم کرتے ہیں کبھی ہمیں ذخیرہ اندوزی کی شکایت نہیں ملی اگر کھاد ڈیلروں نے پولیس اور انتظامیہ کے اس رویے کے خلاف احتجاجاًکاروباری مراکز بندکردیئے تو زمینداروں کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے کیونکہ ابھی گندم اور ٹماٹر کی فصلیں کاشت کرنے کا سیزن آرہاہے اگر ہمیں یوریا کھا دوقت پر نہ ملی تو زمیندار اپنی فصلیں کاشت نہیں کرسکیں گے پیر غلام شاہ نے کہاکہ پولیس اورضلعی انتظامیہ اوتھل کے یوریا کھادڈیلروں کی دکانوں کے سیل فوری طور پر کھولے بصورت دیگر ہم زمیندار بھی احتجاج کی راہ اپنائیں گے،اس موقع پر معروف زمیندار چوہدری فیض،جیرام داس عرف جیرواور دیگر زمیندار موجود تھے۔
لسبیلہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کے نام پر بلاجواز تاجروں کو ہراساں کرنا بندکرے، مکھی شام لعل لاسی

ٹیگز:
مکھی شام لعل لاسی
