کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پوری قوم چیئر لفٹ میں پھنسی ہوئی ہے اور حکمران بیٹھے تماشہ دیکھ رہے ہیں،مہنگائی نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج کردیا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اب بھی اگر عوام نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے بجلی،گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے اورعوام کے پاس بجلی اور گیس کے بل جمع کروانے کے بھی پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکمرانوں کا کام ہے لیکن حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے ایسے لگتا ہے کہ پوری قوم چیئر لفٹ میں پھنسی ہوئی ہے اور حکمران ائیر کنڈیشن کمروں میں بیٹھے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج کردیا ہے اور عوام اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کر رہے ہیں آٹا،چینی،دالیں،گھی اوردیگراشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں اگر حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو پھر عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کے گریبان ہونگے اورانہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا اب بھی وقت ہے کہ حکمران مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فیصلے کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی اب ہوش کے ناخن لینے چاہئے اوراپنے نمائندوں سے یہ پوچھنا چاہئے کہ انہوں نے عوام کیلئے کیااقدامات کئے ہیں۔
حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے، لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا
