کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 15.8 فیصد زچگی کے کیسز مختلف نوعیت کے طبی مراکز / ہسپتالوں میں ہوتے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں 12.6 فیصد زچگی کے کیسز طبی مراکز میں ہوتے ہیں ایک محتاط سروئے کے مطابق بلوچستان کے 83 فیصد زچگی کے کیسز گھروں پر ہی ہوتے ہیں اوردیہی علاقوں میں یہ شرح 86 فیصد تک ہے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق اقدامات کو بہتر بنانے کیلئے حکومت اور غیر سرکاری اداروں کو باہمی مشاورت سے کثیر الجہتی اقدامات اٹھانے ہوں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں یو این ایف پی اے بلوچستان کے پروانشل لیڈ ڈاکٹر سرمد سعید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر سرمد سعید نے بلوچستان میں یو این ایف پی اے کے جاری منصوبوں سے متعلق آگاہی دی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی وسیع رقبے پر پھیلی آبادی تک صحت کی سہولیات کی فراہمی ایک بہت بڑا چلینج ہے صحت کی عمومی صورتحال کے علاؤہ ماں اور بچے سے متعلق طبی سہولیات کا فقدان ایک بہت بڑا مسئلہ ہے بلوچستان میں ہونے والے زچگی کے کیسز کا صرف 17.8 فیصد تربیت یافتہ طبی عملے اور 70.4 فیصد روایتی دائیوں کے ہاتھوں انجام پاتا ہے۔ دیہی علاقوں میں 72.5 فیصد زچگی کے کیسز کی اٹینڈنٹ روایتی دائیاں ہوتی ہیں۔ زچگی کے مقام اور معاونت کے حوالے سے صوبے کی یہ صورتحال بھی پورے پاکستان میں سب سے زیادہ دلخراش اعدادوشمار کی حامل ہے اس کے علاؤہ دستیاب طبی سہولتوں کے اعداد و شمار کے تناظر میں بلوچستان میں 471 خواتین کے لئے ایک ڈاکٹر، 3395 کے لئے ایک نرس, 1519 کے لئے ایک مڈوائف / دائی اور 3715 خواتین کے لئے ایک لیڈی ہیلتھ وزیٹر موجود ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں ایک ہسپتال اوسطً 51064 خواتین جن کی عمر 15 سے 49 سال کے درمیان ہے کو خدمات مہیا کرتا ہے اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اور اقدامات کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں غیر سرکاری اداروں کو اپنی معاونت کا دائرہ کار بڑھانا ہوگا۔
بلوچستان میں 15.8 فیصد زچگی کے کیسز مختلف نوعیت کے طبی مراکز ہسپتالوں میں ہوتے ہیں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

ٹیگز:
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
