کراچی (ڈیلی گرین گوادر) کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس اہلکار کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہونے والے شخص کو سویڈن سے گرفتار کرلیا گیا ہے پولیس حکام کے مطابق نومبر 2022 میں کلفٹن کے علاقے میں کار روکنے اور پولیس تھانہ لے جانے کی کوشش پر شہری خرم نثار کی پولیس اہلکار عبدالرحمٰن سے بحث ہوگئی جس کے بعد اس نے پولیس اہلکار پر گولی چلادی اور وہ فوری طور پر ملک سے فرار ہوگیا، تاہم ان کو سویڈن سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک سابق بیوروکریٹ کا بیٹا ہے جو کہ واقعہ ہونے کے دن ہی بین الاقوامی پرواز کے ذریعے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پولیس اہلکار عبدالرحمٰن کو قتل کرنے والے شخص کو سویڈن سے گرفتار کرلیا گیا ہے ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ نورڈک پولیس ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے کراچی پولیس سے رابطے میں تھی۔
دریں اثنا سویڈش میڈیا کے مطابق بین الاقوامی اور منظم جرائم کے خلاف نیشنل یونٹ میں سینئر پراسیکیوٹر شارلٹا سٹیج انگر نے گزشتہ ماہ مشتبہ پولیس قاتل کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تھا رپورٹ کے مطابق سویڈش میں قتل کی تفتیش میں پراسیکیوٹر کے لیے سویڈن کے قانونی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان سے ’کافی ثبوت‘ اکٹھے کیے گئے۔
میڈیا کے مطابق ملزم کو اس لیے حراست میں لیا گیا کیونکہ اس بات کا خطرہ تھا کہ وہ سویڈن سے فرار ہو جائے گا جیسا کہ وہاں قتل کے الزامات کی بھی تفتیش ہو رہی ہے اور اگر اسے باہر کی دنیا سے رابطہ کرنے پر پابندی کے ساتھ حراست میں نہیں لیا گیا تو قتل کی تفتیش پیچیدہ ہو سکتی ہے،تاہم ملزم نے حراستی سماعت کے دوران جرم سے انکار کیا
خیال رہے کہ اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے کے لیے دو پولیس اہلکار کلفٹن بلاک 5 میں گشت کر رہے تھے کہ انہوں نے مشتبہ شخص کی کار کو اس شبہ میں روکا کہ وہ لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا ہےایس ایس پی اسد رضا کے مطابق ملزم نے پولیس اہلکاروں پر پستول تان لی، جس سے الفاظ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان تصادم ہو گیا اور ملزم نے تھانے جانے سے انکار کیا اور پولیس اہلکار پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

