کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر محمود مولوی نے کہا کہ میں اعلان کر رہا ہوں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان نے ٹکٹ دیا تھا اور پارٹی نے بڑی عزت دی، پارٹی چھوڑنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی افواج کے خلاف زندگی میں کبھی گیا ہوں نہ جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بدل سکتے ہیں، آج پی ٹی آئی ہے کل مسلم لیگ (ن) ہوگی اور پرسوں پیپلز پارٹی اور کبھی جماعت ہوگی لیکن ہم فوج کو کبھی نہیں بدل سکتے۔محمود مولوی نے کہا کہ مجھے 65 اور 71 کی جنگ یاد ہے، آج اسی فوج کی وجہ سے پاکستان سلامت ہے اور پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، انفرادی طور پر جھگڑا ہوتا ہے، یہ ہوسکتا ہے مجھے کسی کی شکل پسند نہ ہو، کوئی بریگیڈیئر یا کوئی جنرل پسند نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں بیٹھ کر پوری فوج کو کہوں گا کہ یہ فوج صحیح نہیں ہے اور فوج کے اوپر خاص طور پر شہدا اور ان کی یادگاروں پر ہنگامہ آرائی اور جو توڑ پھوڑ ہوئی ہے، ہم کیا کہنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ کام ہوا ہے جو بھارت نہیں کرسکا، آج ہم نے وہ کام کیا کہ وہاں جاکر یادگاریں توڑیں، ریڈیو پاکستان جلایا، کون لوگ تھے مجھے نہیں معلوم کیونکہ میں اس ٹیم کا حصہ نہیں ہوں لیکن جو لوگ تھے وہ غلط تھے اور فوج کے خلاف جانا کہیں سے درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کو ہٹا کر ملک نہیں چل سکتا، سیاسی جماعتیں سیاسی نظام پر آئیں، ٹیبل پر بیٹھیں، صرف چند لوگ ڈنڈا بردار ہیں، چند لوگ انتہاپسندوں کو لے کر چل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں جب پی ٹی آئی میں آیا تو واضح تھا کہ یہ ایک سلجھی ہوئی پارٹی ہے اورہمارے پاس کوئی انتہا پسند ونگ نہیں تھا لیکن میں نے یہ واقعہ دیکھا تو بڑا افسوس ہوا، میں نے چند دوستوں کو اسی دن کہا تھا۔
محمود مولوی نے کہا کہ اس واقعے سے پہلے ہم چند دوست کراچی میں بیٹھے تھے اور بات ہو رہی تھی کہ خان صاحب کو اگر کچھ ہوگیا تو جی ایچ کیو کے سامنے جائیں گے اور آج سے 6 روز پہلے میں نے کہا تھا کہ آپ یہ چاہتے ہیں ہم سول وار کی طرف جائیں اور ہم فوج سے لڑیں، فوج سے لڑنا کہیں سے جائز نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے بہت سے لوگ کہتے ہیں آپ نے پارٹی چھوڑ دی، آپ کا ٹکٹ تھا، میرے لیے ایسی 100 چیزیں ہماری فوج پر قربان، فوج ہے تو پاکستان ہے۔
محمود مولوی نے کہا کہ ان چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں استعفیٰ دے رہا ہوں، یہ نہیں ہے کہ میں کسی جماعت میں جارہا یا کسی نے پیش کش کی ہے کیونکہ میں رکن قومی اسمبلی ہوں اور اسی علاقے میں میرا ٹکٹ کنفرم تھا، خان صاحب اور پوری ٹیم کی حمایت حاصل تھی، علاقے میں لوگ عزت کرتے تھے اس لیے سامنے والا کوئی پیشکش نہیں کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے مفاد کے لیے نہیں، میں یہ نہیں چاہوں گا کہ حکومت میں رہا تو فوج بہت اچھی، زیادہ تر جماعتوں کا یہی طریقہ ہے کہ جب تک وہ حکومت میں ہوتے ہیں فوج کو سلام کرتے ہیں اور فوج کی تعریفیں کرتے ہیں اور جیسے حکومت سے اترتے ہیں فوج کی برائی کرتے ہیں، میں کسی ایک جماعت کی بات نہیں کر رہا ہوں بلکہ ہر جماعت نے ایسا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی لڑائی لڑیں، سیاسی اور عوامی معاملات پر آئیں، اسمبلی میں اتنے عرصے سے کیا ہو رہا ہے، عوام کے روزگار، صنعت اور صحت کے بارے میں بات کریں، لوگوں کو سہولت دیں۔کراچی سے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ میں قوم، اپنی پارٹی اور دیگر جماعتوں کے لوگوں سے بھی کہوں گا کہ خوف کا بت توڑیں، زیادہ تر جماعتوں میں لوگ غلام ہی ہوتے ہیں، وہ صرف ہاں، ہاں سننا چاہتے ہیں، وہ یہ نہیں کہتے کہ آپ یہ بات غلط کر رہے ہیں، یہ ایسے نہیں ہونا چاہیے، اگر وہ یہ کہنا شروع کریں گے تو ہمارا ملک یہاں نہیں ہوگا۔

