لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعلی پنجاب اور مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ عمران خان اور میرے گھر حملہ کرانے والوں کو پنجاب کے عوام الیکشن میں جواب دیں گے،کٹھ پتلی محسن نقوی کے ساتھ الیکشن کے بعد عوام جو کرے گی یہ تماشا پوری دنیا دیکھے گی ت ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے سابق صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، چودھری محمد اکرم، عامر سلطان چیمہ، چودھری گلزار، چودھری مقصود سلہریا، لیاقت بھدر، منظور وڑائچ ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کیا۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی کہانی ختم ہو چکی اب سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا۔ چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے، قوم چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قوم کے ہیرو بن چکے ہیں، چیف جسٹس نے آئین پاکستان اور اپنے حلف کی پاسداری کا حق ادا کر دیا ہے، چیف جسٹس کے آئین کی بالادستی پر مبنی فیصلے کی گونج امریکی کانگریس میں بھی سنائی دے رہی ہے۔
مرکزی صدر تحریک انصاف کے مطابق بریڈ شرمین سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کر چکےہیں۔پرویز الہٰی نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے پی ڈی ایم میں اپنی ویٹو پاور سے مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دیا،نوازشریف پاکستان میں الیکشن نہیں بلکہ انارکی چاہتے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کے دوران کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شہبازشریف اور محسن نقوی کی مفت آٹا سکیم لوٹ مار کا منصوبہ ہے، جو میں نے کہا تھا شاہد خاقان عباسی نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ مفت آٹا سکیم میں 20 ارب سے کہیں زیادہ کی کرپشن ہوئی ہے، شہبازشریف اور محسن نقوی مفت آٹا سکیم میں کرپشن کی انکوائری کبھی نہیں کرائیں گے، مفت آٹا سکیم میں کرپشن کی انکوائری ہم کرائیں گےاورشہبازشریف اور محسن نقوی سے قوم کی پائی پائی وصول کریں گے۔

