اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف نے کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا،عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے، ری رائٹ نہیں، آئین کو ہر سطح پر نصاب کا حصہ ہونا چاہیے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عظیم لوگ غلطیوں سے سیکھ کر آگے چلتے ہیں، آئین کی پاسداری کیلئے تمام اداروں کو یکسو ہونا پڑے گا، آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کے حالات ٹھیک کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔
کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے تناظر میں جاری کی جا رہی ہے، کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ وزیرِاعظم کے ویژن کے تحت پاکستان کے عوام کو آئین پاکستان سے روشناس کروانے اور اسے سمجھنے میں ہر شہری کی مدد کرے گی۔
کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ وزیرِ اطلاعات مریم اونگزیب کی قیادت میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کی گئی ہے اس موبائل ایپ کی تیاری میں نادرا نے بھی تعاون کیا، پاکستان ٹیلی ویژن نے اس تقریب کی کارروائی براہ راست نشر کی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ جدید ترین روبوٹک سرجری جیسے اہم اقدام کے آغاز پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز تحسین کے لائق ہیں انہوں نے کہا کہ یہ عظیم فلاحی منصوبہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے عتاب کا شکار رہا، انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب پی کے ایل آئی جگر اور گردے کے علاج اور پیوندکاری کے حوالے سے پاکستان کاجان ہوپکنز بنے گا۔

