کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) خصوصی افرادکو مہارت یافتہ بنانے اور انہیں ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے اور کارآمد بنانے اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تعلیم و تربیت دینے کی ضرورت ہے،خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اورا ن کا معاشرے میں اہم کردار ہے۔خصوصی افرادسے متعلق وزارتِ اطلاعات اور میڈیا ڈیجیٹل کیساتھ ساتھ سکول اور علاقائی سطح پر ایک قومی آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ خصوصی افراد کی ترقی و خوشحالی معاشرے کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ہر سات میں سے ایک شخص کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہے۔ سال 2050ء تک 60 سال سے زائد عمر کی آبادی تقریباً 2 ارب ہوجائے گی اور انہیں کسی نہ کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی۔ ایک سروے کے مطابق دنیا کی تقریباً 15 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پاکستان میں بھی تقریباً 20 فیصد آبادی ذہنی یا جسمانی معذوری کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو تعلیم اور صحت کی سہولیات اور پبلک مقامات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہمیں ایسے لوگوں کی رسائی اور نقل وحرکت بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہسپتالوں، شاپنگ مالز اور تمام پبلک مقامات پر خصوصی افراد کی نقل و حرکت کے لئے ریمپ بنائے جائیں تاکہ ایسے لوگ آسانی سے اپنے روز مرہ کے معمولات کو بخوبی سرانجام د ے سکیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادکے لئے ہنر سیکھنے اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں تاکہ وہ بھی معاشرے میں ایک کارآمد اور مفید شہری کی حیثیت سے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ نجی سطح پر بھی خصوصی افراد کے لئے مختلف ٹریننگ سنٹرز کے قیام کو عمل میں لانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو کار آمد شہری بنانے کیلئے ہمیں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا،خصوصی افراد کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ خصوصی افراد کے حوالے سے ملازمت کے مواقعوں میں بہتری کی گنجائش ہے اور اس مخصوص کوٹہ میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے سینٹ میں بات کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے کوٹہ میں اضاٖفہ کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر اُن کے لئے سہولیات لازمی قرار دینے اور ہر بلڈنگ میں ریمپ بنانے کا قانون نافذ ہونا چاہئے تاکہ خصوصی افراد باآسانی اپنے روز مرہ کے معمولات بغیر کسی مشکل اور پریشانی کے انجام دے سکیں۔
٭٭٭٭٭
خصوصی افراد کی ترقی و خوشحالی معاشرے کی اولین ذمہ داری ہے ، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز زہری
