کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک میں آزاد صحافت کی فروغ، پشتونوں کے سیاسی معاشی جمہوری ثقافتی حقوق اور ملک کے اقوام پر مشتمل حقیقی وفاقی پارلیمانی فیڈریشن کے قیام، جمہور کی رائے کے احترام، جمہوریت کے استحکام، پارلیمنٹ کی خودمختاری، ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد میں صحافیوں اور میڈیا کے کردار کی افادیت اور اہمیت کو مسلمہ سمجھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان کی قیادت میں نمائندہ وفد نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کلب کے نو منتخب صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیاہے۔اس موقع پر پشتونخوامیپ کے آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر اور دیگر عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی معاشی آئینی سماجی اور معاشرتی بحرانوں سے دوچار ہیں، آج بھی ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام سے انکار کیا جارہا ہے اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کو وقعت نہیں دی جارہی، آج بھی ملک قوموں کا حقیقی پارلیمانی فیڈریشن نہیں ہے، ملک کے آئین پر من وعن عملدرآمد سے گریزکیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل ملک میں حقیقی جمہوری سیاسی قوتوں کو بے دخل کرنے، پارلیمنٹ میں منصوبہ بندی کے تحت ان کی نمائندگی اور اکثریت کو ختم کرنے، مقتدر قوتوں کی جانب سے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے نئے نئے تجربات،مصنوعی سیاسی پارٹیوں کی تشکیل،آئین سے انکار کی صورتحال نے موجودہ تشویشناک صورتحال کو جنم دیا ہے،جس کی نشاندہی پشتونخواملی عوامی پارٹی کئی دہائیوں سے مسلسل پارلیمنٹ، سینٹ، جلسوں، مظاہروں،ٹاک شوز اور دیگر فورمز پر کرتی آئی ہے۔ لیکن پشتونخواملی عوامی پارٹی اور اس کے چیئرمین جناب محمود خان اچکزئی کے صحیح اور بروقت موقف کو سننے، اس پر عملدرآمد کرنے اور تسلیم کرنے کی بجائے ہمارے خلاف مختلف ادوار میں ریاست کی سرپرستی میں انتقامی کارروائیاں کی گئی لیکن پارٹی نے ثابت قدمی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موقف پر ایک دقیقہ بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے فرنگی دور میں اس خطے میں پریس ایکٹ کیلئے طویل جدوجہد کی اور بلاآخر 1936میں اس خطے میں پریس کو کام کرنے کا سہرا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور اس کی قربانیوں اور جدوجہد کوحاصل ہے۔ اور اس خطے میں صحافت کی بنیاد پہلی بار خان شہید عبدالصمدخان اچکزئی نے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کرپشن کار واج عام کرنے، معاشرے کو کرپٹ کرنے اور اس لعنت سے ریاست کے اداروں کو دوچارکرنے کی پالیسی مقتدر قوتوں نے نافذ کی جس کے نتیجے میں ملک اور معاشرے اور عوام کو بے پناہ مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی حاصل کرنے کیلئے ایک شخص نے اربوں روپے کی رشو ت دی، اس امر سے بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ نظام حکومت کتنا موثر،فعال اور عوام دوست ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ملک اور صوبے میں ابتر معاشی صورتحال، لاپتہ افراد، لاشیں پھینکنے کے غیر انسانی عمل، دہشتگردی کے خلاف تسلسل کے ساتھ ہر فورم پر موثر آواز بلند کی ہے، پشتونخوامیپ لوگوں کو لاپتہ کرنے، اٹھانے، قتل کرنے کے عمل کو ہمارے قومی روایات کے خلا ف سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کی صورتحال نے تشویشناک شکل اختیار کرلی ہے جس کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ پولیس کے ذمہ دار آفیسران واہلکاران احتجاج کرکے یہ کہتے ہیں کہ یہ جو نا معلوم ہے یہ ہمیں معلوم ہیں۔ اس موقع پر پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند اور جنرل سیکرٹری بنارس خان نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نمائندہ وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ حقیقی جمہوری صحافت کے فروغ میں کلیدی رول ادا کیا ہے اور جب بھی صحافیوں کو مسائل ومشکلات کا سامنا کرنا پڑا پشتونخوامیپ نے ہمارے شانہ بشانہ جدوجہدمیں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی صحافت کے میدان میں ہمارے درجنوں صحافیوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام حقیقی سیاسی پارٹیوں کو ہر وقت صحافیوں کے تمام مسائل ومشکلات میں ساتھ دیکر ان کی جدوجہد میں شامل ہونا چاہیے۔ تاکہ ملک اور معاشرے کو موجودہ تشویشناک صورتحال سے نکالا جاسکے۔
ملک اس وقت سنگین سیاسی معاشی آئینی سماجی اور معاشرتی بحرانوں سے دوچار ہیں،عبدالرحیم زیارت وال

ٹیگز:
عبدالرحیم
