کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیرزراعت میراسد اللہ بلوچ اورسیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اورزراعت کی ترقی کیلئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے،نصیرآباد ڈویژن کے5اضلاع میں 15اپریل سے مفت چاول کے بیج کی تقسیم شروع کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے یہاں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ محکمہ زراعت حکومت بلوچستان کی جانب سے پچھلے سال صوبے بھر میں گندم کے بیج مفت تقسیم کئے گئے جس کے بعداب خریف کی اہم فصل چاول کیلئے مفت بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کے باعث زراعت اور مالداری کو کافی نقصان پہنچا باغات،فصلات،سبزیاں اورزرعی زمینوں کو شدید نقصانات ہوئے جس کا تخمینہ تقریبا300ارب روپے لگایاگیا محکمہ زراعت بلوچستان نے زمینداروں اورکسانوں کو ریلیف دینے اور اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے ستمبر،اکتوبرمیں گندم کے بیج کی مفت فراہمی کیلئے تگ و دو شروع کی صوبائی حکومت نے شدید مالی مشکلات کے باوجود زراعت کی بحالی کیلئے سب سے اہم فصل گندم کے بیج کی سارے صوبے میں بڑے پیمانے پر مفت فراہمی کیلئے انتظام کیا گندم کے بیج کی شفاف انداز میں تقسیم اور رسانی کے سلسلے میں ہر ضلع میں ضلعی انتظامیہ(ڈی سی)کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی صوبہ پنجاب سے 2,2ارب کی بہترین گندم کے بیج کی 381500بوریاں منگواکر صوبے کے 34اضلاع میں مفت بیج کی تقسیم کو یقینی بنایا گیا۔انہو ں نے کہا کہ ایشیئن بینک کے تعاون سے نصیرآباد ڈویژن کے پانچ اضلاع میں چاول کے بیج کی مفت فراہمی کیلئے منصوبہ بنالیاگیا ہے اور سروے بھی مکمل ہوچکا ہے اورانشاء اللہ 15اپریل 2023سے چاول کا بیج مفت تقسیم کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر نے کہا کہ صوبائی وزیرزراعت میراسد اللہ بلوچ اور صوبائی حکومت کی کاوشوں سے صوبے میں زراعت کی ترقی اور کاشت کاروں کودرپیش مسائل کی حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم کی بیج کی مفت تقسیم کے بعداب نصیرآباد ڈویژن کے اضلاع میں چاول کے مفت بیج فراہم کئے جارہے ہیں جس سے زمینداروں اورکاشتکاروں کو ریلیف ملے گا۔
صوبائی حکومت کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اورزراعت کی ترقی کیلئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے، میراسد اللہ بلوچ

ٹیگز:
میراسد اللہ بلوچ
