اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چند گھنٹوں کے دوران دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، پہلی بار ساڑھے 10 بجے جبکہ دوسری بار سوا 12 بجے زلزلہ آیا، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دس بج کر 33 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.3 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 90 کلومیٹر اور مرکز افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر اسلام آباد سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دوسری بار زلزلے کے جھٹکے 12 بج کر 18 منٹ پر محسوس کئے گئے، جس کی شدت 4.3 جبکہ گہرائی 120 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی ملک بھر میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
لاہور، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، سیالکوٹ، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، جھنگ، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پتوکی، میانوالی، شاہ کوٹ، کمالیہ، بورے والا، پھولنگر، قصور، شیخوپورہ خوشاب، اوکاڑہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 تھی جبکہ مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش ریجن تھا ۔ زلزلہ کی گہرائی 180 کلو میٹر بتائی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت، مقبوضہ کشمیر ، ترکمانستان، ہندوستان، قازقستان، تاجکدستان، چین سمیت دیگر ممالک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
۔

