اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کے پی میں انتخابات کی تاریخ نا دینے پر اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نے گورنر غلام علی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست موقف دیا گیا کہ سپریم کورٹ نے گورنر کے پی کو صوبے میں انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیا لیکن گورنر کے پی نے الیکشن کمیشن کے متعدد خطوط کے جواب میں بھی انتخابات کی تاریخ نہیں دی لہٰذا سپریم کورٹ اپنے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے اور گورنر کے پی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی فوری شروع کرے۔
درخواستگزار مشتاق غنی نے کہا ہے کہ گورنر نے اعلیٰ آئینی عہدیدار ہونے کے باوجود سپریم کورٹ کے حکم اور آئین کی خلاف ورزی کی، گورنر کے پی کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی شروع کرنے کا بھی اختیار رکھتے ہیں جبکہ گورنر کے پی کو آئین کی خلاف ورزی پر فوری عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔اسپیکر کے پی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ گورنر کے تاریخ نا دینے کی صورت میں صدر مملکت کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے۔

