کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صو بائی صدر سا بق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا گہوارہ رہا ہے پارٹی کو صوبے میں ایک بار پھر سے فعال اور مضبوط بنا کر اسے آئندہ بلوچستان اسمبلی میں نمائندگی دلوائیں گے، کبھی گروپ بندی، تعصب کی سیاست کی ہے نہ پارٹی میں اس میں کسی کو اجازت دونگا، پارٹی قیادت نے جو ذمہ داریاں سونپی ہیں انہیں تمام رہنماؤں کے مشورے سے احسن طریقے سے نبھاؤنگا۔ یہ بات انہوں ہفتہ کو اپنے دفتر میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر اور صوبائی رہنماؤں کے مشاورتی اور تعرفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی، ملک ظاہر کاکڑ، نعمان خان ناصر، سیدال ناصر، نسیم الرحمن ملا خیل، نصیر خان اچکزئی،حیدر اچکزئی، چوہدری نعیم کریم،عطاء اللہ محمد زئی، عبدالوہاب اٹل، اصغر مری، حاجی عرض محمد بڑیچ سمیت صو بے بھر سے آئے سینئر رہنماؤں نے خطاب اور پارٹی کی فعالیت کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو صوبے بھر میں فعال اور منظم بناتے ہوئے اسے دوبارہ اسمبلی میں لانا انکا عزم ہے جس میں انہیں تمام رہنماؤں کی مشاورت اورساتھ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں ہمیشہ ایوان میں رہی ہے اور آئندہ بھی ہم اسے ایوان میں لائیں گے ہم نے نہ کبھی گروپ بندی، تعصب کی سیاست کی ہے اور نہ ہی مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں اسکی اجازت دیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی رہنماء اور کارکن فوری طور پر اپنے علاقوں میں پارٹی کی فعالیت کے لئے کردار ادا کریں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی، ملک ظاہر کاکڑ، نعمان خان ناصر، سیدال ناصر، نسیم الرحمن ملا خیل، نصیر خان اچکزئی،حیدر اچکزئی، چوہدری نعیم کریم،عطاء اللہ محمد زئی، عبدالوہاب اٹل، اصغر مری، حاجی عرض محمد بڑیچ سمیت دیگر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو طویل عرصے کے بعد مستقل صوبائی صدر ملا ہے جس سے پارٹی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے شیخ جعفر مندوخیل سینئر اور تجربہ کار شخصیت ہیں جنہیں صوبے کی سیاست کا بخوبی علم ہے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے انہیں پارٹی کا صوبائی صدر مقرر کر کے اس عہد ے سے انصاف کیا ہے وہ پارٹی میں دانش مندانہ فیصلے کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات سے قبل اسے مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماؤں کو شیخ جعفر مندوخیل کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے امید ہے وہ جماعت کو احسن طریقے سے چلائیں گے اور آئندہ انتخابات میں پارٹی کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دلوائیں گے۔
پارٹی رہنماء اور کارکن فوری طور پر اپنے علاقوں میں پارٹی کی فعالیت کے لئے کردار ادا کریں، شیخ جعفر مندوخیل

ٹیگز:
شیخ جعفر مندوخیل
